خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کی سید علی گیلانی کوقتل کی دھمکی کی مذمت

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے زیرزمین ہندو جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ روی پجای کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی کو قتل کی دھمکی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق روی پجاری نے ہفتے کوٹیلیفون پر سید علی گیلانی کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی اور بعد میں ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں دھمکی کی تصدیق کی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مجرمانہ فعل ہے اورماضی میں بھی ہندو انتہا پسند گروپوں کے لیے کام کرنے والے عناصر نے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے ہیں اور کئی بار آزادی پسند کشمیری رہنماؤں پرحملے بھی کئے گئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی کی حفاظت کی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے اور روی پجاری جیسے افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسے پجاری کی مجرمانہ اور بیمار ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی کی حفاظت کی ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوتی ہے اور یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ روی پجاری جیسے انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والے مجرموں کے خلاف کاروائی کرے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس سے بھارت میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کی عکاسی ہوتی ہے۔سکھوں کی تنظیم دل خالصہ نے سید علی گیلانی کو روی پجاری کی طرف سے قتل کی دھمکی کوبھارت کی مذموم کاروائیوں کا حصہ قراردیا ہے۔ دل خالصہ کے ترجمان کنور پال سنگھ اورانسانی حقوق کارکن ایڈووکیٹ ہرپال سنگھ نے امرتسر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کوئی چھوٹا یا بڑاگینگسٹر بھارتی ریاست کی پشت پناہی کے بغیرسید علی گیلانی کونقصان پہنچانے کی ہمت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھمکی سے بھارت کی سیاسی اور عسکری اسٹیبلشمنٹ کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے