خبرنامہ کشمیر

حریت رہنماؤں کی طرف سےکشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ

سرینگر :(اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کشمیری عوام رائے شماری کے ذریعے اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں غلام نبی سمجھی ، نعیم احمد خان،محمد یوسف نقاش،سید بشیر اندرابی، حکیم عبدالرشید، ظفر اکبر بٹ، بلال صدیقی، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی ،زمرودہ حبیب، میر شاہد سلیم، غلام محمد خان سوپوری، محمد شفیع ریشی، فردوس احمد شاہ ، شبیر احمد ڈار محمد احسن اونتو،محمد اقبال میراور ر محمد شریف سرتاج نے اپنے بیانات میں کہاکہ خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیز ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرے ۔ ادھر حریت رہنماء جاوید احمد میر نے ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے شہریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ۔ مسلم لیگ جموں وکشمیر نے ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارتی آئین کے تحت مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی کشمیریوں کیلئے قابل قبول نہیں اور اس دیرینہ تنازعے کو صرف کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دے کر ہی حل کیا جاسکتا ہے۔