خبرنامہ کشمیر

حریت رہنما فریدہ بہن جی پارٹی کارکنوں سمیت سرینگر میں گرفتار

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی کو پارٹی کارکنوں سمیت سرینگر کی پریس کالونی میں گرفتار کرلیا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے فریدہ بہن جی کو اس وقت گرفتار کرلیاجب وہ اپنے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ سرینگر میں پریس کالونی سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفتر کی طرف جارہی تھیں تاکہ وہاں ایک یادداشت پیش کی جائے جس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں دفن دو کشمیری رہنماؤں شہید مقبول بٹ او رشہید محمدافضل گورو کی باقیات کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ کشمیری اپنے ان رہنماؤں کی باوقار طریقے سے اپنی سرزمین میں تدفین کرسکیں۔ بھارتی پولیس نے فریدہ بہن جی کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنماؤں مولوی بشیر احمد، عبدالرشید لون، فیاض احمد خان، محمودہ باجی اور انشاء بشیرکو بھی گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظربند کردیا۔ گرفتاری سے قبل فریدہ بہن جی نے پریس کالونی سرینگرمیں پارٹی کاکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے بھارت پر دباؤڈالے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔