خبرنامہ کشمیر

حریت فورم کی شبیر شاہ پر فرد جرم عائد کرنے، رہنماؤں اور کارکنوں کو دہلی طلب کرنے کی مذمت

حریت فورم کی شبیر شاہ پر فرد جرم عائد کرنے، رہنماؤں اور کارکنوں کودہلی طلب کرنے کی مذمت
سرینگر (اے پی پی،ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ پر فرد جرم عائد کرنے اوربھارتی تحقیقاتی ایجنسیوں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے آزادی پسند رہنماؤں ، کارکنوں ، وکلاء، صحافیوں، دانشوروں،تاجروں اور کشمیر یونیورسٹی کے سینئر سکالر اعلیٰ فاضلی کو نئی دہلی طلب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کردار کشی اور ہراساں کرنے کی یہ کارروائیاں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ سرکردہ تاجررہنما اور کشمیرٹریڈرز اینڈ مینو فیکچررز کے صدر محمد یاسین خان کے نام این آئی اے کی طرف سے نوٹس جاری کرنے اور انہیں دہلی طلب کرنے کا مقصد تاجر انجمنوں اور عوام کے بلند حوصلوں کو توڑنا اور حق و انصاف پر مبنی حق خودارادیت کی جدوجہدکو کمزور کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اور ایجنسیوں کو سوائے ہزیمت اور پسپائی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ناکام ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور اسے طاقت،تشدد اور استعماری حربوں سے ہرگز دبایا نہیں جا سکتا اور نہ مزاحمتی قیادت اور عوام کو اپنی جائز جدوجہد سے باز رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حریت پسندقیادت اور عوام جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پْرعزم ہیں۔