خبرنامہ کشمیر

حریت قیادت نے احتجاجی کیلنڈر میں17نومبر تک توسیع کردی

تحریک حریت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے وادی کشمیر میں جاری انتفادہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی کیلنڈر میں 17نومبر تک توسیع کردی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تمام قیاس آرائیوں کودرکنار کرتے ہوئے آج شہر خاص سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس روزحریت قیادت قوم سے خطاب کرے گی۔لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تاریخی جامع مسجد سرینگر کا رخ کرتے ہوئے یوم استقلال منائیں۔شہر خاص کی فلاحی اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں انتظام کریں۔ہفتہ کو یوم جائزہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے اوقاف،بیت المال،مساجد کمیٹیوں اورنوجوان رضاکار سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وادی کشمیرمیں گھر گھر جاکر ان لوگوں کی فہرست مرتب کریں جنہیں مالی مسائل کا سامنا ہے اور جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔اس روز جاری انتفاضہ کے دوران شہید،گرفتار اور زخمی خاص طور پر بینائی سے محروم ہونے والے کشمیریوں کے گھر جا کر تعزیت اور مزاج پرسی کرنے کی بھی اپیل کی گئی اور ان ضرورتمندوں کی فہرست مرتب کرکے ان کی مدد کا انتظام کرنے کیلئے بھی کہاگیا ہے۔13نومبر اتوارکوکمیو نٹی سکول ڈے منانے کی کال دی گئی ہے جبکہ مساجد کمیٹیوں،علاقوں کے بزرگوں،رضاکاروں اور اساتذہ کو اسکولوں کی ضروریات کا جائزہ لینے اورحریت قیادت کو اس سلسلے میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 14نومبر پیر کولالچوک سرینگر کی طرف مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ حریت قائدین نے کشمیریوں سے اتوار کو نماز مغرب کے بعد لالچوک کی طرف رخ کرنے کی کال دی ہے اورلوگوں کو پانتہ چھوک،نوگام،صنعت نگر،حیدرپورہ،بمنہ،پارمپورہ،صورہ اور حضرت بل میں کھڑی سے پیدل لالچوک کی جانب مارچ کرنے کو کہا ہے۔ 15نومبر منگل کویوم خواتین منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ خواتین کو نماز ظہر کے بعد مقامی چوکوں پر قبضہ کرنے کی کال دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اس روز دھرنے میں جھنڈے،پلے کارڈز اور بینر اٹھائے رکھیں جن میں آزادی سے متعلق نعرے اور پیغامات درج ہوں ۔16نومبر بدھ کو کپوارہ سے زچلڈارہ،گاندربل سے پھاگ،بارہمولہ سے تجر شریف،بانڈی پورہ سے گنستان،بڈگام سے پکھر پورہ،گاندربل سے شوہامہ پھاگ، سرینگر سے صورہ،پلوامہ سے کیلر،شوپیاں سے رام نگری،کولگام سے بوگام اور اسلام آباد سے ساگم کی طرف آزادی مارچ کی کال دی گئی ہے۔نماز ظہر کے بعد مقامی طور متفقہ مقامات پر آزادی جلسوں کے اہتمام بھی کیا جائیگا ۔17نومبرجمعرات ایک روزہ آزادی کنونشن منعقد کرنے اور جاری تحریک کوپائیہ تکمیل تک پہنچانے اور مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے بحث و مباحثے منعقد کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔