خبرنامہ کشمیر

حریت قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی کیلنڈر میں3 نومبر تک توسیع کردی

بھارت کو کشمیر

سرینگر ۔ 27 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے وادی کشمیر میں جاری انتفاضہ کے دوران بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی کلینڈر میں 3نومبر تک توسیع کردی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جمعہ کو جامع مسجد سرینگر چلو کی کال دی گئی ہے ۔ حریت قیادت نے کشمیریوں سے کہاکہ وہ پورے مقبوضہ علاقے سے صبح7بجے سے جامع مسجد سرینگر کا فوجی محاصرہ توڑنے کیلئے مسجد کی طرف مارچ کریں جہاں مسلسل 15ہفتے سے نمازجمعہ ادا نہیں کی جاسکی ہے ۔نماز جمعہ کے بعد شہر خاص میں آزادی اجتماع ہوگا جہاں مشترکہ مزاحمتی قیادت قوم سے خطاب کرے گی۔ہفتہ کو تحصیل صدر مقامات پر آزادی روڈ شو ہوں گے۔کشمیریوں سے کہاگیا ہے کہ وہ صبح7بجے تک آزادی روڈ شو میں شامل ہوکر تحصیل صدر مقامات کی جانب مارچ کریں۔کشمیریوں سے کہاگیا ہے کہ جہاں کہیں بھی انہیں روکا جائے ،وہیں جمع ہوں کر سہ پہر 4 بجے تک احتجاج کریں۔حریت قیادت نے 30اکتوبر اتوار کوگریفٹی ڈے کے طورپر منانے کی اپیل کی ہے۔اس روز تمام سڑکوں ،چوکوں ،دیواروں ،کھمبوں اور پوسٹوں پر مزاحمتی نعرے تحریر کئے جائیں گے۔کشمیریوں سے نما ز ظہر سڑکوں پر ادا کرنے اور سہ پہر 4بجے تک مقامی چوکوں ،بازاروں اور مراکز پر احتجاج کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے ۔31اکتوبر پیرکوسرکاری ملازمین سے ضلعی صدر مقامات کی جانب مارچ کی اپیل کی گئی ہے ۔سرکاری ملازمین سے برطرف یا گرفتار کئے گئے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیلئے صبح9 بجے تک سبھی ملازمین متعلقہ ضلعی صدر مقامات کی جانب مارچ کریں اور11بجے سے سہ پہر 4 بجے تک آزادی اجتماعات منعقد کریں۔تمام ملازمین انجمنیں مارچ کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔یکم نومبر منگل کو یوم خواتین کے طورپر منایا جائے گا۔خواتین سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنے محلوں ،دیہات اور علاقوں میں مقامی مراکز اور چوکوں میں نمازظہر سے عصر تک جمع ہوکر احتجاج کریں اور اس موقع پرآزادی کے پیغامات اور نعروں پر مشتمل بینر ،پلے کارڈ زاور جھنڈے لہرائیں۔ 2نومبر بدھ کو ہایہامہ ،واگورہ ،بونہ کوٹ ،ناگام ،شیر پتھری ،قمر واری ، آری پل ،چتراگام ،پومبئی اور لارنو میںآزادی مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔نماز ظہر کے بعد منتخب مقامات پر آزادی کے حق میں اجتماعات ہوں گے۔3نومبر جمعرات کو آزادی کنونشن منعقد کیاجائے گا ۔دیہات اور محلوں میں صبح11بجے سے سہ پہر4 بجے تک آزادی کنونشن منعقد ہوگا جس میں جاری مزاحمتی تحریک کو مزید مستحکم کرنے کے طریقہ کار پر غور ہوگا۔حریت قیاد ت نے کشمیریوں سے اس دوران پور ے جموں وکشمیر میں احتجاج اور ہڑتال جاری رکھنے اوررات کے دوران گرفتاریوں سے بچنے کیلئے محلوں و دیہات کی جانب جانے والے راستوں کو بند رکھنے اور روزانہ مغرب سے نماز عشاء تک مساجد میں آزادی کے ترانے چلانے اور احتجاجی پروگرام کو ہر مسجدکے دروازے ،بازار اور محلوں میں چسپاں کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔