خبرنامہ کشمیر

خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال

خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال

سرینگر(ملت آن لائن)حریت قیادت کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی کال پر خواتین کو ہراساں کئے جانے اور ان کی چٹیا کاٹنے کے واقعات کے خلاف وادی بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران وادی میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے 40 واقعات سامنے آئے اور تمام کارروائیاں دن دیہاڑے کی گئیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی وادی میں سیکیورٹی کی صورتحال پر سوالا ت اٹھا دیئے ہیں جب کہ بے بس انتظامیہ نے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف معلومات دینے پر 6 لاکھ روپے انعام کی رقم کا اعلان کیا ہے۔

کٹھ پتلی حکومت نے خواتین کی چٹیا کاٹنے کے خلاف احتجاج کی کال دینے پر 6 اکتوبر کو حریت قیادت کو نظربند کردیا تھا تاہم حریت رہنماؤں نے ایک مرتبہ پھر احتجاج اور شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔
قبوضہ کشمیر میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج گولیاں برسانے سے باز نہیں آرہی۔

قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی میں اب خواتین کو بھی ہراساں کیا جارہا ہے اور ان واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام اور شوپیاں میں سادہ لباس قابض بھارتی فوجی لڑکیوں اور خواتین کی چوٹیاں کاٹنے لگے ہیں۔

جب کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے واقعات پر پولیس کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔