خبرنامہ کشمیر

دوایٹمی ممالک کے مابین تنازعہ کشمیر بارود کی شکل اختیار کر چکا ہے ‘ علی رضا سید

میرپور (ملت + آئی این پی) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کہا ہے کہ دوایٹمی ممالک کے مابین تنازعہ کشمیر بارود کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کی ایک چنگاری بھی جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔دوسری عالمی جنگ کے دوران جاپان میں ہونے والی ہولناک تباہی سے عبرت حاصل کرنے کی ضرورت ہے آئے روز مقبوضہ جموں وکشمیر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور کالے قوانین نفاذ امن پسند ممالک اور اقوا م متحدہ کے لیے کھلا چیلنج ہے جس کا عالمی برادری کو فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے ۔قبل از وقت کے الحاق اورر خود مختاری کے نعروں سے مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹیں حائل ہوئیں ۔ریاست جموں وکشمیر کے عوام رائے شماری کے نقطے پر متحد و متفق ہیں ایک نصب العین اپنا کر ہم اپنی منزل تک جلد اور آسانی سے پہنچ سکتے ہیں ۔مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے حکومت آزادکشمیر اگر بین الاقوامی روابط کے لیے اپنا ایک نمائندہ کل وقتی طور پر تعینات کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹولز کا درست استعمال کرے تو مسئلہ کشمیر پر ایک بڑا بریک تھرو ممکن ہے ۔یورپ اور دیگر ممالک میں جاری ’’ملین سگنیچر مہم ‘‘کی پذیرائی سے بھارت سفارتی محاذ پر دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور ہوا ۔چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کشمیر پریس کلب کے وزٹ کے دوران ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور نو منتخب عہدیداران کشمیر پریس کلب کو مبارکباد بھی دی ۔اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین کشمیر کونسل یورپ چوہدری خالد جوشی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔علی رضا سید نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا حالیہ دورہ یورپ انتہائی کامیاب رہا ۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا حالیہ دورہ یورپ انتہائی کامیاب رہا۔وزیراعظم نے سیر و تفریح کے بجائے کشمیر ایشو کے سلسلہ میں منعقد ہ تقریبات میں بھرپور شرکت کی ۔جس سے تارکین وطن کو مزید حوصلہ ملا ۔تارکین وطن کشمیریوں کا بہت بڑا اثاثہ ہیں ۔ہر سال نیشنل ڈیز پر تقریبات کا انعقاد اور بالخصوص بھارتی آفیشلز کی آمد کی صورت میں احتجاجی ریلیز کے انعقاد سے مسئلہ کشمیر پر اپنا کلیدی کردار ادا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے ۔