خبرنامہ کشمیر

دہشت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، گیلانی

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دہشت گردی سے متعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے آئے روز کے بیانات کو انتہائی پُرتضاد اور بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خود جموں کشمیر میں جس ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کررہا ہے، اس کی مثال دنیا کے کسی بھی خطے میں ملنا مشکل ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی دہشت گردی کے لیے ہروقت پاکستان کومورد الزام ٹھہراتے ہیں جب کہ قابض بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوں کے باعث کشمیریوں کی زندگی اس وقت اجیرن بنی ہوئی ہے۔سید علی گیلانی نے نئی دلی میں ایک کانفرنس سے بھارتی وزیر اعظم کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کو قتل کرنا یقینی طور دہشت گردی ہے اور دنیا کا کوئی بھی ذی ہوش اور مہذب انسان اس کا حامی نہیں ہوسکتا ، کسی فرد یا گروہ کے بجائے ریاست کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردی سب سے زیادہ سنگین ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان پر بے جا الزام تراشی کرتے ہیں جبکہ پاکستان کو اس وقت خود دہشت گردی کا بڑے پیمانے پر سامنا ہے اورپاکستانی افوج اپنے ملک میں جاری ہولناک دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دے رہی ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کو قتل اور ان کی املاک کو تباہ کر رہی ہیں جبکہ نریندر مودی دہشت گردی کے حوالے سے بار بار پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا کر دراصل مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنی ریاستی دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنا دوہرا معیار ترک کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے