خبرنامہ کشمیر

راجناتھ سنگھ اورمحبوبہ مفتی کی پریس کانفرنس ڈھٹائی کی انتہا ہے،حریت کانفرنس

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کے بجائے اسے طاقت کے بل پر دبائے رکھنے کی اپنی مذموم پالیسی پر بدستور قائم ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی طرف سے سرینگر میں پریس کانفرنس کے دوران کی جانے بات کہ ’’ کچھ لوگ نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں‘‘کو ڈھٹائی کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کے انتہائی تباہ کن تنائج نکلیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کے جبری قبضے کو قبول نہیں کیا ہے اور وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں کشمیر کے مسئلہ کا مستقل حل چاہتے ہیں جنہیں بھارت نے بھی تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں۔خواتین اور بزرگوں سمیت تمام کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اس وقت سڑکوں پر ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کے حوالے سے کسی غلط فہمی کے شکار نہیں ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں ایسے لوگوں کے مشوروں کی ضرورت نہیں جن کے ہاتھ اُن کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، جو انہیں بینائی سے محروم کر رہے ہیں اور اُن کی ماؤں اور بہنوں کی آبروریزی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری اچھی طرح سے یہ بات جانتے ہیں کہ جب تک بھارت کا ایک بھی فوجی جموں وکشمیر کی سرزمین پر موجود ہے ، اس وقت تک ان کا مستقل تابناک نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ایک طرف انسانیت کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف نہتے لوگوں کا قتل جاری رکھا ہوا ہے۔جموں وکشمیرنیشنل فرنٹ ، حریت رہنما جاوید احمد میر، تحریک مزاحمت اور جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ ( آر ) نے بھی سرینگر میں جاری بیانات میں بھارتی وزیر داخلہ اور کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کی مشترکہ پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کا سہارا لے کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہ اگر محبوبہ مفتی کے بیان کے مطابق صرف پانچ فیصد کشمیری سڑکوں پر ہیں تو پھر بھارت رائے شماری سے کیوں ہچکچا رہا ہے۔ حریت رہنما جاوید احمد میر نے کہا کہ بھارتی حکمران جموں وکشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کو مزید گمراہ نہیں کرسکتے کیونکہ کشمیری قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے کہا کہ محبوبہ مفتی جھوٹ کا سہارا لے کر رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت حکمرانوں اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے ہاتھ ناکامی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے راجناتھ اور محبوبہ مفتی کے بیان کو کزب بیانی اور حقیقت سے بعید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کامسئلہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے جسے جھٹلانا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کو یاد رکھنا چاہئے کہ اقتدار ہمیشہ رہنے والی چیز نہیں اور نہ ہی طاقت کے بل پر کسی کو زیر کرنا ممکن ہے۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے راجناتھ کے ساتھ محبوبہ مفتی کی پریس کانفرنس کے دوران کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کی طرف سے صحافیوں کے ساتھ کئے گئے نازیبا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں نے پریس کانفرنس کے دوران انتظامیہ کے دوہرے معیار کو بے نقاب کیا۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی نے واضح کردیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں اخلاقی اور انسانی اقدار کا کوئی پاس و لحاظ نہیں ہے ۔