خبرنامہ کشمیر

راجہ ظفرالحق کی وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر سے گفتگو

حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف منظم سیاسی جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کی پشت پر کھڑے ہیں‘ حکومت پاکستا ن کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی‘115دنوں سے جاری کرفیو میں کشمیریوں نے قربانی کی تاریخ رقم کی ‘یہ وقت متحد ہو کر ان کو سفارتی، اخلاقی سیاسی محاذ پر مدد فراہم کرنے کا ہے‘ کچھ سیاسی نا بالغ کشمیری عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت ، عقیدت کو پس پشت ڈالتے ہوئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے ملک کے اند رسیاسی عد م استحکام پید ا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں
سینیٹ میں قائد ایوان وپاکستان مسلم لیگ( ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کی وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی)سینیٹ میں قائد ایوان وپاکستان مسلم لیگ( ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف منظم سیاسی جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کی پشت پر کھڑے ہیں ۔ حکومت پاکستا ن کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی حمایت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔115دنوں سے جاری کرفیو میں کشمیریوں نے قربانی کی تاریخ رقم کی ،یہ وقت متحد ہو کر ان کو سفارتی، اخلاقی سیاسی محاذ پر مدد فراہم کرنے کا ہے ۔ کچھ سیاسی نا بالغ کشمیری عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت ، عقیدت کو پس پشت ڈالتے ہوئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے ملک کے اند رسیاسی عد م استحکام پید ا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ، پاکستانی عوام ان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی پشت پر ہے ۔ جولائی کے پہلے ہفتے سے لے کر اب تک کشمیر میں بھارتی فورسز نے انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں کراس کر لی ہیں ، یہ وقت ان کے ساتھ کھڑ ا ہونے کا ہے ۔ آزاد کشمیر کے اندر مسلم لیگ ن کی حکومت راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں نواز شریف کے تعمیر و ترقی و خوشحالی کے ویژن کو احسن انداز سے لے کر آگے چل رہی ہے جو کہ ہمار ے لیے با عث اطمینان ہے ۔ آزاد حکومت کی تین ماہ کی کارکردگی بہترین ہے ۔ حکومت پا کستان بین الاقوامی سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز پہنچانے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور آزا د کشمیر کے اندر تعمیر و ترقی ، گڈ گورننس کے قیام کیلئے راجہ محمد فاروق حیدر خان کو ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک برہا ن وانی کی شہادت کے بعد ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے ، ایک سو سے زائد افراد شہید ، تین سو سے زائد عمر بھر کیلئے اندھے جبکہ ہزارو ں جیل میں ہیں ، مقبوضہ وادی کو عملی طور پر جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے ،معمولات زندگی مکمل طور پر منقطع ہیں مگر افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے اندر ایک سیاسی جماعت پاکستانی عوام اور میڈیا کی توجہ غیر ضروری ایشوز کی طرف مبذول کرانے کیلئے اچھل کو د کررہی ہے ۔ کشمیریوں کا تعلق ریاست پاکستان سے ہے اور وہ اس کیلئے اپنی کئی نسلیں قربان کر چکے ہیں ۔وادی میں شہید ہونے والے بوڑھوں ، بچوں ، عورتوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنائے جارہے ہیں ، نہتے کشمیری بھارت کے جدید اسلحے سے لیس فوج کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں ، افسوس کی بات ہے پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز کی سکرینیں اس مسئلے پر مکمل طور پر خاموش ہیں ۔ بھارتی فوج کشمیریوں کے جوش ، جذبے اور ان تھک جدوجہد سے بوکھلا کر لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ آزاد حکومت اپنی ترجیحات جن میں سرفہرست تحریک آزادی کشمیر ، گڈ گورننس کا قیام اور تعمیر و ترقی کیلئے منظم بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میاں نواز شریف کے پاکستان میں اقتدار میں آنے کے بعد سے کشمیری عوام کو نیا حوصلہ ملا اور کشمیریوں کی موجودہ جدوجہد کو سیاسی و سفارتی محاذ پر بین فورم پر پوری قوت کے ساتھ اٹھانے سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر سے لے کر مظفرآباد تک کشمیری میاں نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں ۔