خبرنامہ کشمیر

روسی صدر جنگی جرائم کی روک تھام کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں: اہلیہ یاسین ملک

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) حریت رہنما اور کشمیری لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ، پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو خط لکھا ہے کہ جس میں انہیں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے گذشتہ 103 روز سے کرفیو کی صورتحال پیدا کر رکھی ہے اور نہتے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، روسی صدر روسی صدر کشمیر میں ہونے والے جنگی جرائم کی روک تھام کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، پاک بھارت مذاکرات کی بحالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنا کردار ادا کریں۔ مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ تین ماہ سے سینکڑوں افراد کو بے گناہ قتل کر دیا گیا ہے، 15 ہزار سے زائد افراد کو زخمی کیا گیا ہے، سینکڑوں افراد کو بینائی سے محروم اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے۔ یاسین ملک کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مجھے کشمیر جانے اور اپنے شوہر کی عیادت کیلئے ویزہ بھی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ روسی صدر سے سہ فریقی مذاکرات کیلئے کردار ادا کرنے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر سلامتی کونسل کے دیگر اراکین کو بھی خطوط لکھے جائیں گے۔