خبرنامہ کشمیر

سانحہ گاؤکدل بھارت کی جمہوریت پر بدنما داغ ہے، سیدعلی گیلانی

سانحہ گاؤکدل بھارت کی جمہوریت پر بدنما داغ ہے، سیدعلی گیلانی

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سانحہ گاؤکدل کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض فورسز کی سفاکیت اور وحشیانہ پن کے نقوش پورے مقبوضہ علاقے کے طول وعرض پر موجود ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سانحہ گاؤکدل بھی کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے ان واقعات میں شامل ہیں جن میں بھارتی سورماؤں نے اپنی نام نہاد جمہوریت کو مزید سیاہ اور بدنما بنادیا۔ انہوں نے کہاکہ نہتے مظلوم عوام کو قابض طاقتوں کے مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کرنے پراندھادھند فائرنگ کرکے 50 سے زائد انسانی جانوں کو شہید کرکے اپنی ’’بہادری‘‘ کا ایک اور ثبوت فراہم کیا۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ سفاکیت اور بربریت کی اس سے بڑی مثال کیاہوسکتی ہے کہ پرامن مظاہرین کواچانک گولیوں کی بوچھاڑ کرکے شہید کردیاگیا۔ انہوں نے سانحے کے شہداء اور ان کے لواحقین کے عزم اور صبر جمیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہداء کے پاک مشن کو اپنی نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دینا اور ہر حال میں اس مقصد کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاکر زنجیروں کو کاٹ پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم دشمن کی کسی بھی سازش کا شکار نہ ہو اور ان کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فورسز اورکٹھ پتلی انتظامیہ کے پرفریب نعروں کے سحر سے خود کو محفوظ رکھیں اور کسی بھی طرح ان کی معاونت نہ کریں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ گاؤکدل سانحہ ایک منظم سازش کے ذریعے اْس وقت کے گورنر جگموہن کے متعصب ذہن کی عکاس تھی، تاہم اس کے بعد کے متعدد سانحات کے مجرم ہمارے درمیان آزادگھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نہ تو اْس وقت کے گورنر کو اس قتل عام پر کوئی سرزنش ہوئی اور نہ ہی بعد کے واقعات کا کہیں کوئی نوٹس لیا گیا، ہمارا لہو اس قدر سستا ہوگیا ہے کہ گزشتہ 70برس سے مسلسل بہنے کے باوجود کسی کو اپنی طرف متوجہ نہیں کرپارہا ہے۔ سید علی گیلانی نے ہندواڑہ اورکپواڑہ قصبوں میں 25 اور27 جنوری کو مکمل ہڑتال اور دعائیہ مجالس منعقد کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے تمام واقعات کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فورسزکے اہلکاروں کوقانون کے کٹہرے تک لانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں اور اس خطے میں مزید انسانی زندگیوں کے اتلاف کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش اورظفراکبر بٹ نے بھی اپنے بیانات میں شہدائے گاؤکدل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس انسانیت سوزسانحہ میں میں ملوث اہلکار آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔