خبرنامہ کشمیر

سردار عتیق خان کا کنٹرول لائن کی طرف مجوزہ مارچ خوش آئند پیشرفت ہے،دختران ملت

سرینگر ۔ 21 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آزادی کشمیر کی قیادت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کا کنٹرول لائن کی طرف مجوزہ مارچ، ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اورحریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کو تجویز دی کہ27 اکتوبر کوکنٹرول لائن کی طرف مارچ کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دن دفاع پاکستان کونسل نے بھی چکوٹھی سے مظفرآباد کنٹرول لائن کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کو بھی رائے شماری کے حق میں کنٹرول لائن کی طرف مارچ کرنا چاہئے۔دریں اثناء دختران ملت نے اسلامی ممالک کی تنظیم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تحقیقات کیلئے ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کشمیر بھیجے جو مقبوضہ علاقے کے زمینی حالات سے دنیا کو آگاہ کرے۔بیان میں بھارت پر بھی زوردیاگیا کہ وہ اقوام متحدہ کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کو کشمیر آنے کی اجازت دے۔