خبرنامہ کشمیر

سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کی پشتبانی کی ہے

مدینہ منورہ (ملت + آئی این پی) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کی پشتیبانی کی ہے ، حرمین شریفین کی وجہ سے سعودی عرب پوری امت کا روحانی مرکزہے اس کی حفاظت بھی پوری امت پر فرض ہے ،رابطہ عالم اسلامی کی خدمات قابل تحسین ہیں سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں کے سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں ،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے متاثرین زلزلہ کی بے پناہ خدمت کی ہے اور بحالی کے کام آج بھی جاری ہیں اہل کشمیر سعودی عرب اور رابطہ عالم اسلامی کے کردار کی تحسین کرتے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مدینہ اور ریمبو میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں ہندوستان اور اسرائیل کشمیر اور فلسطین میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہے ہیں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان اور اسرائیل کو مزید مظالم ڈھانے کی شہ مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ہندوستان اور اسرائیل بڑی حوشیاری سے اس جدوجہد کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بد ترین استعماری ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے لیکن کشمیری ان استعماری ہتھکنڈوں کے سامنے لوہے کی دیوار بنے ہوئے ہیں تمام تر تشدد ظلم اور قتل عام کے باوجود کشمیر ی آزادی کے لیے پر عزم ہیں اور مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،کشمیریوں نے لازوال قربانیاں پیش کرکے عالمی سطح پر موافق حالات پیدا کر دئیے ہیں ان سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت پاکستان او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلائے عالمی سطح پر ہندوستان کے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے ،انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں ہے اس موقع پر کوئی ایسافیصلہ نہ کیا جائے جس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچنے ،گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق دئیے جائیں بلکہ صوبوں سے بڑھ کر دئیے جائیں تا کہ یہ خطے رول ماڈل بنیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے اس نزاکت کو سامنے رکھتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جماعت کی شاخیں قائم نہیں کیں بلکہ متنازعہ تصور کرتے ہوئے اس کی حیثیت کو تسلیم کیا ،انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ کا حقیقی کردار بحال ہونا بہت ضروری ہے قائد اعظم کے ویژن کے مطابق بیس کیمپ کا کردار بحال کیا جائے،انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے لاکھوں کشمیریوں اور پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو لوگ روزگار کی غرض سے یہاں موجود ہیں وہ سعودی قوانین کا احترام کریں ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ 23مارچ قرار نظریہ پاکستان کا تحفظ اور ضمانت نظریاتی استحکام کے ذریعے سے ہی ہو سکتی ہے ۔