خبرنامہ کشمیر

سیدعلی گیلانی، میرواعظ حسن الموسوی کوگرفتارکرلیا گیا

بھارت 1990

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق، آغا سید حسن الموسوی الصفوی ، مولوی مسرور عباس اور غلام محمد حبی کو سرینگر میں گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور مولوی مسرور عباس کو اس وقت حراست میں لے لیا جب انہوں نے سرینگر میں عیدگاہ کی طرف آزادی مارچ کی قیادت کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے غلام محمد حبی کو ان کی رہائش سے گرفتار کرلیا ۔ انہیں مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیاہے۔ مارچ کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی کشمیرمیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مشترکہ طورپر دی تھی ۔قابض انتظامیہ نے دیگر حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، بلال صدیقی اور ظفر اکبر بٹ کو آزادی مارچ کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں یا پولیس اسٹیشنوں میں مسلسل نظربند رکھا۔