خبرنامہ کشمیر

سیدعلی گیلانی کا شہید مقبول بٹ کو خراج عقیدت ،مقبوضہ کشمیرمیں کل مکمل ہڑتال کی کال

سرینگر ۔(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ)کے چیئرمین سید علی گیلانی نے معروف کشمیری رہنماء شہید محمد مقبول بٹ کو ان کی شہادت کی 32ویں برسی پرزبردست خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بہادر اور باہمت حریت پسند تھے، جنہوں نے کشمیری قوم کومیدان عمل میں لاکھڑا کیا۔ انہوں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی باقیات لوٹانے کامطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے، جس نے لاشیں وارثین کے حوالے نہ کرنے کی روایت قائم کی ہے اور اس سے بڑی جمہوریہ ہونے کے اسکے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔سید علی گیلانی نے کل جمعرات کو مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کے ساتھ وفا کی جائے اور اس ے ہر صورت میں اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے ۔حریت چیئرمین نے کہا کہ کشمیری قوم نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی منزل پانے اور قربانیوں کا ثمر حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم بھارت اور اس کے مقامی ایجنٹوں سے مکمل کنارہ کشی کریں اور ان کی ہرگز حمایت نہ کریں۔سید علی گیلانی نے شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، محمد اشرف لایا اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آزادی پسند قیادت سے خائف ہے اوراس نے انکی نقل وحرکت پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بڑے جمہوری ملک ہونے کا دعویدار ہے، البتہ کشمیر میں اس کا یہ دعویٰ بُری طرح بے نقاب ہو گیا ہے ۔سید علی گیلانی نے کہاکہ جموں وکشمیر میں عملاً فوجی راج قائم ہے اور آئین وقانون معطل ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کی پالیسی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور اس سے سیاسی غیریقینیت اور عدمِ استحکام کی صورتحال میں مزید اضافہ ہو گا۔