خبرنامہ کشمیر

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے 139ویں یوم ولادت پر تقریب

میرپور(ملت + آئی این پی) گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول نیوسٹی میرپور میں حکیم الامت شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے 139ویں یوم ولادت کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ صدارت ادارہ کے صدر معلم خالد محمود چودھری نے کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ جیسی شخصیات صدیوں کے بعد جنم لیتی ہیں ۔ آپ کا پیغام پوری ملت اسلامیہ کیلئے تھا اور عالم اسلام کو ان پر فخر ہے ۔ ملت اسلامیہ میں بیداری کی لہر پیدا کرنے میں علامہ اقبال کے کردار کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر ہے اور اس مملکت کو علامہ اقبال کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن ضلع میرپور کے صدر محمد سعید عالم چودھری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کی یادکونوجوان نسل میں زندہ رکھنے اور 9نومبر کی اہمیت سے قوم کو روشناس کرانے کیلئے اس دن عام تعطیل کو برقرار رکھاجانا چاہیے تھا ۔ راجہ خضر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کا کلام آفاقی ہے انہوں نے ہر طبقے کیلئے شاعری کی ہے اور مسلم قوم کو ترقی کی جانب رواں دواں رہنے کا پیغام دیا ہے ۔ محمد فاروق جرال نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبال بچوں کیلئے شاہین اور عام مسلمانوں کیلئے مرد مومن جیسے الفاظ استعمال کر کے انہیں ان صفات کا حامل دیکھنا چاہتے تھے تقریب میں راجہ محمد رشید ، راجہ عبدالقیوم اور دیگر اساتذہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ متعلم سجاول حسین نے تلاوت کلام پاک اور نبیل حسین نے نعت رسول مقبول ؐ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ دانیال عاطف اور جواد اصغر نے ترانہ پیش کیا قاری محمد منظور نے علامہ محمد اقبال ؒ کی روح کے ایصال ثواب اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی ۔