خبرنامہ کشمیر

شبیرشاہ کو تھانے سے رہائی کے فوراً بعد گھر میں نظر بند کردیا

سری نگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ احمد شاہ کو سرینگر کے راجباغ تھانے سے رہائی کے فوراً بعد گھر میں نظر بند کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ کو رواں برس 13جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ کو اس سے قبل 2011میں طویل عرصے کی غیر قانونی نظر بند ی کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا جس کے بعد بھی وہ اپنی حالیہ گرفتاری تک کل 39ماہ 27روز اپنے گھر یا تھانوں میں نظر بند رکھے گئے اور اس دوران انہیں جمعہ اور عید کی نمازیں بھی نہیں پڑھنے دی گئیں۔