خبرنامہ کشمیر

صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات: مختلف امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر آزا د جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی ملاقات، آزاد ریاست کی تعمیر و ترقی ، مجموعی سیاسی صورتحال ، تحریک آزادی کشمیر ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم ، کشمیری لڑکوں کو ڈھال بنا کر فوجی گاڑیوں کے گشت ، انسانی حقوق کی پامالیوں اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مقبوضہ داری کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی کے سلسلے میں مشاورت کی گئی ۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پانامہ کیس کے فیصلے پر اطمینان کا اطہار کرتے ہوئے سیاسی قائدین سے کہا کہ وہ عدالتی احکامات کی پیروی کریں۔ جلسے جلوس کا مظاہرے کر کے سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔ صدر آزاد کشمیر نے دوران گفتگو کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ پاکستان میں جب بھی کسی سیاسی ایشو کی وجہ سے عوام کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹی ہے تو بھارت بیدردی سے کشمیری مسلمانوں کا قتل عام شروع کر دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو ز اور تصاویر دیکھ کر انسان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں ۔ بھارتی فوجی نہ صرف کشمیری نوجوانوں کو ڈھال بنا کر گاڑیوں پر باندھ کر نہ صرف گشت کرتے ہیں بلکہ ان پر بدترین تشدد کرتے ہوئے فخر سے ویڈیوز بھی بنواتے ہیں ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے علاوہ بیرون ملک کشمیریوں کو یہ مسئلہ خود عالمی برادری کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو دکھ درد ہمارے سوا کوئی دوسرا بہتر انداز میں محسوس نہیں کر سکتا۔ صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو عالمی زرائع ابلاغ میں اجاگر کرنے کے لیے ہمیں یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات اور اساتذہ سے تعاون حاصل کرنا ہو گا۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً مسلم امہ بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر صحافیوں ، طلباء ، ماہرین تعلیم سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو خاموش رکھنے کے اچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے اخبارات کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ صدر اور وزیر اعطم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے مظالم کو بے نقاب کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔