خبرنامہ کشمیر

صدر ہسپتال سرینگر میں پیلٹ سے زخمی ہونے والے890 افرادداخل ہیں، بارایسوسی ایشن

ڈاکٹروں اوررضاکاروں کی کوششوں کے باوجود300معصوم کشمیری بینائی سے محروم
سرینگر ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن کے بے تحاشا استعمال کوغیر انسانی قرار دیتے ہوئے بین اقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور علاقے میں پیلٹ گن کااستعمال بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بشیر صدیق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کی ٹیم نے مختلف اسپتالوں کا دورہ کرکے پیلٹ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران انہیں پتہ چلا ہے کہ 9 جولائی سے 25ستمبر تک صرف ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں890ایسے نوجوانوں کوداخل کیا گیا ہے جوپیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے تھے اوران میں 300ایسے زخمی شامل ہے جو دوبارہ کبھی دیکھ نہیں سکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بار ایسوسی ایشن کی ٹیم میں ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکریٹری اور دیگر ایگزیکٹوارکان شامل تھے۔ دورے کے موقع پر ایک زخمی شوکت احمد لون نے ٹیم کو بتایا کہ وہ 2بیٹیوں کا واحد کفیل ہے اور 2ستمبرکو اسکی دونوں آنکھیں اس وقت پیلٹ لگنے سے زخمی ہوگئیں جب وہ اپنے باغ میں کام کررہا تھا اور بھارتی فورسزکے اہلکاروں نے اس کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان کی آنکھوں کے کئی آپریشن کئے گئے ہیں لیکن کوئی خاص فرق نہیں پڑاہے۔ سوپور سے نویں جماعت کے ایک طالب علم عمر نے بھی کچھ انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسکی تین جراحیاں کی گئی ہیں مگر آنکھوں کی بصارت میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ اس موقع پر مختلف رضاکار تنظیموں نے ٹیم کو بتایاکہ وہ مریضوں کو دوائیاں اور ایمبولنس سروس کے علاوہ مفت کھانا فراہم کررہی ہیں۔ رضاکار تنظیموں نے بتایا کہ ایمبولینس گاڑیوں میں روزانہ 40سے 50مریضوں کو گھرمنتقل کیاجاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے ایک رضاکار سجاد احمد خان نے ٹیم کو بتایا کہ 650پوئنٹ خون کا عطیہ اسپتال انتظامیہ کو فراہم کیا گیا ہے جبکہ ایسے زخمی نوجوانوں کو 10ہزار سے 20ہزار روپے کی امداد بھی دی گئی ہے جن کو بازار سے دوائیاں خریدنا پڑتی ہیں۔ بار ایسوی ایشن نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قوم کی مدد کیلئے آگے آئے اور علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گن کے استعمال کو بند کرائے۔