خبرنامہ کشمیر

طاقت اور تشدد کے استعمال سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا،حریت کانفرنس

سرینگر ۔ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی برسیوں کے موقع پر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گھروں اور تھانوں نظربند کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں مختار احمد وزاہ کو گرفتار کرکے اسلام آباد کے شیر باغ تھانے اور انجینئر ہلال احمد وار کو ان کے گھر میں نظر بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ نے سرینگر شہر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کو بڑی تعداد تعینات کرکے لوگوں کی نقل و حرکت پرپابندی عائد کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے شہید رہنماؤں کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقریبات منعقد کر رہی ہے اورقابض انتظامیہ کی جانب سے ان تقریبات کو طاقت کے بل پر سبوتاژ کرنا غیر جمہوری اور آمرانہ طرز سیاست ہے۔ ترجمان نے کہا کہ طاقت اور تشدد کے استعمال سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو توڑا نہیں جا سکتا ہے اور نہ تحریک آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے رہنماؤں کے ساتھ کشمیریوں کی وابستگی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ شہید رہنماؤں اور دوسرے ہزاروں شہدائے کشمیر کا مشن پایہ تکمیل تک پہنچانا اور مسئلہ کشمیر کاکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پائیدار حل تحریک آزادی کا اولین مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول تک ہماری پُر امن جد وجہد جاری رہے گی۔