خبرنامہ کشمیر

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے:راجہ فاروق حیدر

برسلز۔: (ملت+اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتما م یورپی پارلیمنٹ میں منعقدہونے والے ’’کشمیریورپی یوین ویک ‘‘کے تیسرے روز ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی قابل عمل ہیں اور اگر تنازعہ کشمیر کو جلد از جلد حل نہیں کیا گیا تو خطے میں جنگ کے خطرہ کو ٹالا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرے کا باعث ہے لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کی طرف توجہ مبذول کرے ۔ راجہ فاروق حیدر نے یورپی یونین کی طرف سے کشمیرپرنئے موقف کا سراہاجس میں ممکنہ مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شمولیت پر زوردیاگیاہے۔یورپی یونین پارلیمنٹ کے رکن سجادکریم نے کانفرن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریو ں کے اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا حق ضرور ملنا چاہیے حق ملناچاہیے کہ وہ اپنے سیاسی مقدرکا فیصلہ خود کریں۔رکن ای یوپارلیمنٹ مس جین لمبرٹ نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے مسئلے پر سنجیدگی سے غورکیاجاناچاہیے۔بلجیم میں پاکستان کی سفیرنغمانہ عالمگیرہاشمی نے اس بات کا اعادہ کیاکہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انھوں نے کہاکہ عالمی برادری کومقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیناچاہیے ۔آزادکشمیرکے سینئر وزیرطارق فاروق نے کشمیریوں کے یورپی یونین کے ساتھ براہ راست مذاکرات پرزوردیا۔قانونی امور کے ماہربیرسٹرظفرعلی نے تجویرپیش کی کہ مسئلہ کشمیرخصوصا انسانی حقوق کی پامالی کے موضوع کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھایاجائے۔فری کشمیرآرگنائزیشن جرمنی کے چیئرمین ڈاکٹرصدیق کیانی نے کہاکہ مسئلہ کشمیرحل نہ ہونے کے باعث کشمیری سخت مشکلات کا شکار ہیں اور وہ دو حصوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ ورلڈکشمیرڈایاسپورہ الائنس کے چیئرمین فاروق پاپانے یورپ میں مسئلہ کشمیرکو موثر طورپر اٹھانے کیلئے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی جسے شرکا نے متفقہ طورپر منظورکرلیا۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما عظمت خان نے کہاکہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے بارے میں ایک موثر پالیسی بنائے تاکہ عالمی برادری کی طرف سے بھارت پر دباؤ بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سول سوسائٹی کو کشمیر کے اصل حقائق سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔کانفرنس سے سعدیہ میر، خالد حمید فاروق نے سید سبطین شاہ، کنیزاختر، فرزانہ افضل، وحیدہ خان اورصبیحہ خان نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید کو ان کی یورپ میں مسئلہ کشمیرپرگرانقدرخدمات کے اعتراف پر خصوصی ایوارڈ پیش کیاگیا۔رکن ای یوپارلیمنٹ مس جین لمبرٹ کو بھی اس طرح کیایوارڈ سے نوازاگیا۔