خبرنامہ کشمیر

فوجی طاقت کے بل پرغیر قانونی قبضہ کر رکھاہے،زمردہ حبیب

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب نے کہاہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور وہ امن پسندنہتے کشمیریوں کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنارہا ہے جو اس سے اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت مانگ رہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زمردہ حبیب نے ان خیالا ت کا اظہار بھارت سے آئے انسانی حقوق اور سول سوسائیٹی کے اراکین گوتم نو لکھا،گاندھین سوراج پیٹھ کے چےئرمین راجیو وہرا اور ساؤتھ ایشیا فورم فار ہیومن رائٹس کے سیکٹری جنرل تپن بوس سے ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کو اپنا حق خودارادیت مانگنے پر گولیوں ، پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بنارہی ہیں۔زمردہ حبیب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی بد ترین پا ما لیوں پر تشویش کا اظہار کیا جس پر وفد کے اراکین نے بھی افسوس ظاہر کیا ۔ملاقا ت کے دوران کشمیر کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور نہتے کشمیریوں کے حالیہ قتل عام اور پیلٹ گن سمیت مہلک ہتھیاروں کے بے دریغ استعمال سے سینکڑوں کشمیریوں کی بینائی سے محرومی اور سیول لیبرٹی پر قدغن اور ان مظالم پر بھارت کے سنجیدہ و حساس لوگوں کی مجرمانہ خا موشی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔حریت رہنماء نے وفد سے کہاکہ وہ م دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کی غرض سے ٹھوس وعملی اقدام کرنے کیلئے بھارت پردباؤ بڑھائیں اور بھارتی عوام کو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال سے آگاہ کریں اوربتائیں کے بھارت نے جموں و کشمیر میں فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے ۔ تپن پوس نے زمردہ حبیب کو سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے اراکین سے ملاقاتوں کیلئے نئی دلی آنے کی دعوت دی اور راجیو ووہرانے کشمیر پر تحریر کی گئیں اپنی تین کتابیں زمردہ حبیب کو پیش کیں ۔