خبرنامہ کشمیر

قابض بھارتی فورسز نے ایک اور پی ایچ ڈی اسکالر سبزار صوفی کو شہید کردیا

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا جس میں ایک پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر سبزار صوفی بھی شامل ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کے علاقے نوگام میں محاصرے اور گھر گھر تلاشی کے دوران 2 مزید کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کیا۔

فائرنگ میں شہید ہونے والوں میں حریت کمانڈر اور پی ایچ ڈی اسکالر سبزار احمد صوفی بھی شامل ہیں۔

بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے، جس پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

بعد ازاں ڈاکٹر سبزار احمد صوفی شہید کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ انہیں اسلام آباد کے علاقے سنگم میں سپردخاک کیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید اسکالر کی نماز جنازہ میں شرکاءنے آزادی اور پاکستان کےحق میں نعرے لگائے۔

قابض انتظامیہ نے سری نگر کے تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے جبکہ سری نگر اور بڈگام میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی۔

یاد رہے کہ شہید اسکالر سبزار احمد صوفی رواں سال قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے تیسرے پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہیں جب کہ اس سے قبل بھارتی فوج نے کشمیریونیورسٹی کے استاد پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیع بٹ کو 6 مئی اور ڈاکٹر منان وانی کو 11 اکتوبر کو محاصرے اور گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کیا تھا۔

واضح رہے کہ اتوار کو ضلع کلگام میں قابض فوج نے فائرنگ اور دھماکے کرکے 9 کشمیریوں کو شہید کیا تھا جبکہ اگلے روز ایک اور کشمیری دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

مشترکہ حریت قیادت نے آج کلگام تک احتجاجی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔