خبرنامہ کشمیر

قانون ساز اسمبلی کااجلاس ‘وزیر اعظم پاکستان کے حق میں قراردادیں پر اپوزیشن جماعتوں کی نعرے بازی

مظفرآباد (ملت آن لائن + آئی این پی) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے حق میں قراردادیں لائے جانے پر اپوزیشن جماعتوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا، اسپکیر اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین ، سابق وزیر اعظم چوہدری عبدلمجید سمیت اپوزیشن کے 7 اراکین کی اسمبلی رکینیت بھی معطل کردی۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو تحریک انصاف کے ممبر اسمبلی ماجد خان کی گزشتہ روز مظفرآباد میں میاں نواز شریف کے خلاف کارکنان کے ہمراہ پر امن احتجاج کے دوران کی گئی گرفتاری فلور پر زیادہ تروقت زیر بحث رہی، اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین ، سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید ، سردار خالد ابراہیم سمیت اپوزیشن جماعتوں کے تمام ارکان نے ماجد خان کی گرفتاری کی مزمت کی اور اسپیکر سے انکوائیری کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ماجد خان نے فلور پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تو قائد ایوان راجہ فاروق حیدر بھی خوب گرجے اور برسے۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسمبلی اجلاس کے دوران حکمران جماعت نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے حق میں قراردادیں پیش کرنا چاہیں تو متحدہ اپوزیشن کے تمام اراکین نے قراردادوں کو ایجنڈے سے نکال کر پھاڑ تے ہوئے ” گو نواز گو ” کے نعرے لگاتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔حکمران جماعت کے اراکین نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایجنڈے میں مقدس الفاظ والے اوراق پھاڑے ہیں جس پر اسپیکر اسمبلی نے اپوزیشن کے 7 اراکین کی اسمبلی رکنیت جاری اجلاس کیلئے معطل کردی۔دوسری طرف ماجد خان کی گرفتاری پر ڈپٹی سپیکر کی سربراہی میں انکوائیری کمیٹی بھی بنا دی گئی،اجلاس بدھ کے دن 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔اجلاس سے بائیکاٹ کرتے ہوئے اپوزیشن کے تمام اراکین نے پریس گیلری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی رویے کی مذمت کی اور میاں نواز شریف کے حق میں قرارداوں میں حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین اورسابق وزیر اعظم چوہدری مجید نے میاں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے مستعی ہونے کا مطالبہ کیا۔