خبرنامہ کشمیر

محمد یاسین ملک کو آج سرینگر کےعلاقے آبی گزرمیں پارٹی دفتر سے گرفتار،ترال میں دونوجوانوں پرکالا قانون کے تحت جموں جیل منتقل

مقبوضہ کشمیر

سرینگر02۔(ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک کو آج سرینگر کے علاقے آبی گزر میں پارٹی دفتر سے گرفتار کرلیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے دفتر پر چھاپہ مارا اور محمد یاسین ملک کو گرفتار کرلیا۔ یہ گرفتاری مقبوضہ علاقے میں ڈھونگ بلدیاتی انتخابات سے پہلے عمل میں لائی گئی ہے ۔ سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیاد ت نے نام نہاد انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کی کال دے رکھی ہے۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں ایک دکاندار ہلال احمد دھوبی اور ایک نوجوان آرزو بشیر نجار پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیا ہے۔ انہیں اتوار کو ان کے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور اب جموں کی جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر تحریک حریت جموں وکشمیرنے سرینگر میں ایک بیان میں پارٹی کارکنوں اشفاق حسین نارچور، سرتاج احمد ، بشیر احمد اور شبیر احمد میر کو پولیس سٹیشنوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں مسلسل نظربند رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کارکنوں کی رہائی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔