خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیرکوسہ فریقی مذاکرات کےذریعےہی حل کیا جاسکتا ہے، یاسین ملک

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو صرف بھارت ، پاکستان اور کشمیریوں کی حقیقی قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ دنیا کی مہذب اقوام اپنے مسائل اور تنازعات کا حل مذاکرت کے ذریعے ہی کرتے ہیں تاہم بھارتی لیڈر اور حکمران جس انداز میں اس اہم عمل کی تضحیک و تمسخر اڑا رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک اور مذموم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات دو برابر فریقوں کے درمیان کئے جاتے ہیں لیکن بھارت کے وزیر داخلہ کسی دورے پر آنے والے بادشاہ سلامت کی مانند اعلان فرمارہے ہیں کہ جو بھی فریادی ہو وہ فلاں ایڈریس پر آکر اپنا مدعا اور اپنی مشکلات بیان کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹویٹر پر بات چیت کی دعوت دینا وہ بھی یہ کہہ کر کہ جو کوئی آنا چاہتا ہو وہ فلاں جگہ پر پہنچ جائے دراصل مذاکراتی عمل اور اداروں کامذاق اڑانے کے مترادف ہے اور یہ عمل نہ صرف خطرناک ہے بلکہ اس سے بھارتی حکمرانوں کے تکبر اورکشمیریوں کے تئیں ان کے نوآبادیاتی طرز عمل کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ مسئلہ جموں کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور اس کا جلد حل نہ صرف یہ کشمیریوں کی خواہش اور ضرورت ہے بلکہ بھارت اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کیلئے بھی لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے دوطرفہ بات چیت کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ یہ مذاکرات بھارت اور پاکستان کے درمیان ہویابھارت اور کشمیریوں یا کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ لاحاصل عمل رہا ہے‘ اسلئے اس لاحاصل عمل کو دہرانا وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس لاحاصل عمل کو ترک کرکے جب تک اس مسئلے کے تمام فریق ایک مذاکراتی عمل میں شامل نہیں ہوتے تب تک کسی بہتری کی امید نہیں رکھی جاسکتی ۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں کا ایمان ہے کہ سہ فریقی مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیر کا بچہ بچہ یک آوازہوکر اپنا حق آزادی مانگ رہاہے لیکن بھارت اوراسکے مقامی آلہ کار کشمیریوں کی اس اجتماعی آواز کو سننے کے بجائے لاکھوں انسانوں کی آواز کو چند شر پسندوں کی اختراع قرار دے کر جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنایا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مکر و فریب کی سیاست سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔