خبرنامہ کشمیر

مسلم امہ کشمیری عوام کے دکھ درد کو سمجھ کر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے‘ سردار عتیق

جدہ (ملت + آئی این پی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ کے ایوانوں میں عالمی طور پر تسلیم شدہ ہے۔ مسلم امہ کو کشمیری عوام کے دکھ درد کو سمجھ کر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔کشمیریوں کی جدوجہد کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔یہ فلسطین کے مسئلے کی طرح سیاسی اور حق خودارادیت کا کیس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سعودی عرب میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کر رہے تھے۔استقبالیہ میں مسلم کانفرنسی سعودی عرب کے صدر سردار اشفاق، راجہ زین اور دیگر نے شرکت کی۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ دنیا میں کشمیر اور فلسطین مسلمانوں کے دیرینہ حل طلب مسائل ہیں ان کو حل نہ کرنے کی وجہ سے پورا خطہ مشکلات کا شکار ہے۔کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے ستر برس سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں بھارت نے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لیے طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا ہے پیلٹ گن جیسے ممنوعہ اور مہلک ہتھیار کااستعمال ظلم کی انتہاء ہے۔کشمیری امت مسلمہ کا جزو لائیفک ہیں۔کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے رحم وکرم پر چھوڑا نہیں جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کو تباہی سے بچانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔