خبرنامہ کشمیر

مسلم لیگ کا سرینگر میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار پراظہار تشویش

مسلم لیگ کا سرینگر میں نظربندکشمیریوں کی حالت زار پراظہار تشویش

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر مسلم لیگ نے سینٹرل جیل سرینگر میں نظر بندوں پر تشدد ،انہیں علاج ومعالجہ کی سہولیات سے محروم رکھنے اور انہیں جموں خطے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جیل انتظامیہ کی ٖغفلت کے باعث ایک قیدی کے فرار ہونے کے واقعے کے بعد نظر بندوں کو بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں جموں خطے کی دور دراز جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سینٹرل جیل کو مکمل طور پر بھارتی پولیس کی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نظر بندوں کو کی حالت زار کا نوٹس لیں۔ دریں اثنا جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سینٹرل جیل سرینگر میں نظربندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل کو مکمل طورپر ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد علی نے کہا کہ نظر بندوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنے گھروں سے دور جموں خطے کی جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کی اپنے اہلخانہ کے ساتھ اچھی طرح سے ملاقات نہیں کرائی جاتی جبکہ انہیں بنیادی سہولیات سے محرو م رکھا گیا ہیں۔ ترجان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی لیے قابض انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں۔ ادھر جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں تنظیم کے چیف آرگنائزر امتیاز احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعوی کرتا ہے لیکن دوسری طرف اس نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔