خبرنامہ کشمیر

مشترکہ حریت قیادت کی ڈھونگ انتخابات کے موقع پر پیر کو مکمل ہڑتال کی اپیل

سرینگر۔ (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے مقبوضہ علاقے میں ڈھونگ بلدیاتی اور پنچایت انتخابات کے خلاف پیر کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔مقبوضہ علاقے میں مرحلہ وار بلدیاتی اور پنچایت انتخابات 8اکتوبر بروز پیر سے شروع ہو رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں8، 10،13اور 16اکتوبر کو جن جن علاقوں میں یہ ڈھونگ انتخابات منعقد ہو رہے ہیں وہاں زبردست احتجاجی ہڑتال کی جائے اور انتخابات سےلاتعلقی کا اظہار کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی ڈرامہ کشمیریوں پر ظلم وتشددکی ایک اور داستان بیان کرتا ہے اور اس سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ پوری کشمیری قوم اور بھارت نواز جماعتوں کی طرف سے ان انتخابات کے بائیکاٹ کے باجود بھارت عوامی جذبات کی پرواہ کئے بغیرمحض ریاست جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے طاقت کے بل پریہ انتخابات منعقد کرارہا ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا اس سے بڑھ کر مضحکہ خیزکیا بات ہوسکتی ہے کہ جو لوگ ان انتخابات میں لوگوں کے نمائندہ بننے کا دعویٰ کر رہے ہیں ان کے بارے میں لوگوں کو کوئی علم ہی نہیں ہے۔سیدعلی گیلانی اور میرواعظ نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرفتاری اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ گرفتاریوں اور نظر بندیوں سے حریت قیادت اور نہ ہی کشمیری ی عوام کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روکا جاسکتا ہے ۔