خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر،غیرقانونی نظربندیوں کی مذمت؛تحریک مزاحمت

مقبوضہ کشمیر،غیرقانونی نظربندیوں کی مذمت؛تحریک مزاحمت
سرینگر؛(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں اسلامک پولیٹیکل پارٹی نے بھارتی پولیس کی طرف سے اپنے چیئرمین محمد یوسف نقاش کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ محمد یوسف نقاش کو 14دسمبر کو سرینگر میں انکے گھر سے گرفتارکرنے کے بعد صفہ کدل تھانے میں منتقل کیا گیا۔ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، محمد یاسین عطائی، شبیر احمد ڈار، محمد اشرف لایہ، ظفر اکبر بٹ، محمد احمد وازہ ، بشیر کشمیری ، رمیض احمد راجہ، مشتاق احمد اجمل ، ظہور احمد بٹ ، فاروق احمد سوداگر، سید امتیاز حیدر، غلام م حمد ڈار اور دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی بھی اسلام آباد مارچ سے روکنے کیلئے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بندی کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی نظر بندیوں کا مقصد ان کے جذبہ آزادی کو دبانا ہے لیکن قابض انتظامیہ اپنے مذموم مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے نجات کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔دریں اثنا تحریک مزاحمت نے پارٹی چیئرمین بلال صدیقی کی گرفتاری اور سینٹرل جیل سرینگر منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر سیاسی انتقام گیر ی قرار دیا۔ بلال صدیقی کو بھارتی پولیس نے منگل کی رات کو سرینگر کے علاقے راجباغ میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتارکیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں راجباغ تھانے لے جایا گیا تھا جہاں سے انہیں سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔ تحریک مزاحمت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ غیرقانونی نظر بندیوں کے ذریعے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو حوصلے ہرگ پست نہیں کر سکتی ۔