خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے سوپورمیں 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں شہادتوں

سرینگر ۔(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سوپور میں دو نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو سوپورکے علاقے دھرسو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ ان تازہ شہادتوں کے نتیجے میں گزشتہ روز سے مقبوضہ وادی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد چار ہو گئی۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں ظہور احمد اور بلال احمد شاہ نامی نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا ۔ نوجوانوں کی شہادت پر آ ج کپواڑہ کے مختلف علاقوں میں ہڑتال ہے ۔ قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کپواڑہ قصبے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ قابض اہلکاروں نے کپواڑہ قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے ہیں۔ انتظامیہ نے بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں جبکہ سوپور کے علاقے میں تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ ادھر قابض انتظامیہ نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رہنما عمر عادل ڈار پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کر دیا ہے