خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، جماعت اسلامی کی ایڈووکیٹ زاہد علی کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت

سرینگر ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے پارٹی ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اور بھارتی فورسز آئے روز نہتے اور پرامن لوگوں کو حراست میں لے کرانہیں بلاوجہ تنگ کررہی ہے اور انہیں حالیہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایاجارہاہے ۔ بیان میں کہاگیاکہ اس وقت مختلف تھانوں اور جیلوں میں بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں بشمول طلبا ء کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔بیان میں کہاگیا کہ زاہد علی کو31اگست کو ایک جھوتے مقدمے کے تحت گرفتار کر کے کوٹھی باغ سب جیل منتقل کیا گیاتھا اورانکی نظربندی کو طول دینے کیلئے انہیں مزید بے بنیاد مقدمات میں ملوث کیا جارہاہے ۔ بیان کے مطابق گزشتہ روز ایاز اکبر کو سرینگر کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔عدالت نے انہیں 14نومبر تک مزید پولیس کی حراست میں دیدیا ہے ۔ جماعت اسلامی نے پولیس کی ان معاندانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیا ہے ۔ بیان میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔