خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج نے ذہنی معذور بزرگ سمیت 2 افراد کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج نے ذہنی معذور بزرگ سمیت 2 افراد کو شہید کر دیا

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ذہنی معذوربزرگ سمیت 2 افراد کو شہید کردیا۔ گزشتہ روز ضلع پونچھ میں نوجوان کو ضلع کے علاقے کھاری کرمارا میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہیدکیا گیا۔ بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارا گیا ہے اور جھڑپ کے دوران 3 فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک شدید زخمی ہے۔ بھارتی فورسز نے ضلع بڈگام میں ایئرفورس اسٹیشن کے نزدیک ایک ذہنی طورپر معذور شخص کوفائرنگ کرکے موقع پر ہی شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق اس کی عمر 55سال تھی اوریہ ذہنی طورپر معذور تھا۔ ذہنی طورپر ناکارہ ہونے کی وجہ سے یہ شخص سخت سردی میں بھی جوتوںاور مناسب کپڑوں کے بغیر تھا جبکہ اس کے پاس شناختی کارڈ بھی نہیں تھا۔
بھارتی فوج کی30اور32راشٹریہ رائفلز نے ضلع کپواڑہ کے علاقوں گنڈکلان، کرالہ گنڈ اورہندواڑہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔ بھارتی پولیس نے سری نگر کے علاقے ڈل گیٹ سے ایک نوجوان کو گرفتارکرلیاہے۔ قابض انتظامیہ نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں جموں وکشمیر مسلم لیگ کے رہنما سمیت 4 افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ نافذکردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کالا قانون مسلم لیگ کے رہنما محمد اسد اللہ پرے، رئیس احمد بابا، محمد ایاز پرے اور غلام محی الدین خان پر لاگو کیا گیاہے۔ محمد اسداللہ پرے کو جون 2015 میں گرفتار کیا گیا تھااور ان پرمسلسل چھٹی بار کالا قانون نافذ کیا گیا۔ چاروں افراد کوٹ بھلوال جیل جموں میں نظربندکیا گیا ہے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے خبردارکیا ہے کہ اگرکشمیری نوجوانوں کے خلاف بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں فوری طور پرنہ روکی گئیں تو سنگین نتائج پرآمد ہوں گے جس کی تمام تر ذمے داری بھارت نواز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اوربھارتی پولیس پر عائد ہوگی۔