خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری، ستمبر میں 42 کشمیریوں کو شہیدکیا

مقبوضہ کشمیر میں قابض

سرینگر ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران ستمبر میں خاتون سمیت 42 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان میں سے ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا ۔ ان شہادتوں کے نتیجے میں5خواتین بیوہ جبکہ12بچے یتیم ہوگئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے231افرادشدید زخمی ہوگئے جبکہ تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران حریت رہنماؤں،کارکنوں اور نوجوانوں سمیت 399افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔ انتظامیہ نے رواں ماہ حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار ، حکیم عبدالرشید،غلام احمد گلزار، شکیل احمد بخشی ، پیلٹ گن سے جزوی طورپر بینائی سے محروم ہونے والے سہیل احمد ترمبو ، مولاناسلیم احمدڈار، فردودس احمد شاہ ، عادل حسین ، اشفاق احمد پرے ، گوہر حسن پرے ، اعجاز احمد میر ، بلا ل احمد پرے ، پیر غلام محی الدین اور ایڈووکیٹ حسین احمد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموں کی مختلف جیلوں میں نظربند کردیا۔ انتظامیہ نے رواں ماہ دومرتبہ لوگوں کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ تلاشی اور محاصروں کی کارروائیوں کے دوران65مکانوں کو تباہ کیا اور 14 خواتین کی بے حرمتیاں کیں۔