خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کےہاتھوں شہید نوجوان پاکستانی پرچم میں سپرد خاک

سری نگر:(ملت+ اے پی پی) گزشتہ روز بارہ مولا میں بھارتی فوج کی بے رحمانہ فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کردیا گیا۔ مقبوضہ وادی میں گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 22 سالہ نوجوان وسیم احمد لون کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کر دیا گیا، کرفیو کے باوجود وسیم احمد لون کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور عوام نے پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام بارہ مولا میں رفیع آباد کے ندیہل نامی علاقے میں چاول کے کھیتوں میں کام کرنے والے لوگوں پر وہاں سے گزرتے ہوئے بھارتی فوجیوں نے بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں وسیم احمد لون شدید زخمی ہوا جبکہ ایک خاتون بھی زخمی ہو گئی تھیں لیکن وسیم احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں 8 جولائی کو بھارتی فوج کے ہاتھوں تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ ریاست میں حالات کشیدہ ہیں اور کرفیو نافذ ہے جبکہ بھارتی بربریت کے نتیجے میں اب تک 106 کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔