خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل83ویں دن بھی ہڑتال ،کل لال چوک کی طرف مارچ کیاجائیگا

سرینگر ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میںآج مسلسل 83ویں دن بھی پوری وادی کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیوں کو روکنے کیلئے سرینگراور دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیاتھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرکزی بازا، پبلک ٹرانسپورٹ ،تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بن رہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ایک بیان میں ہڑتال کی کال میں چھ اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کل پورے مقبوضہ کشمیر سے لال چوک سرینگر کی طرف مارچ کریں۔ادھر بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کے دوران ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آبادمیں سیبوں کے باغ کو نقصان پہنچایا۔حریت رہنماؤں نے اپنے بیانات میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی نظربندی کے دوران انہیں تشدد کا نشانہ بنایاگیا ہے۔کرفیو سے متاثر ہ کشمیری طلباء نے جمعرات کو پلوامہ ، کولگام ، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، کپواڑہ ، سرینگر اور شوپیاں کے اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے وہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرر ہے تھے۔ مظاہروں میں شامل طلباء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’میری بینائی واپس کرو ،میں اپنا امتحان دے سکواور مسئلہ کشمیر کے حل تک کوئی امتحان نہیں ‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیاں میں کہا کہ بھارتی قیادت کے پروپیگنڈے کے باوجود عالمی قیادت کشمیر کی صورت حال کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کشمیر کاز کی کامیاب سفارتی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ میر واعظ کی سربراہی میں قائم فورم نے ایک بیان میں بھارتی حکومت اور میڈیا کی طرف سے پاک بھارت جنگی جنون پیدا کرنے پر سخت تشویش ظاہر کی۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں قابض انتظامیہ کی طرف سے مختلف رضاکارتنظیموں کی ایمبولنس سروس بندکرنے اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کرنے والے افراد کی گرفتاری پر سخت تشویش ظاہر کی۔ بیان میں اس طرح کی کارروائیوں کو غیر جمہوری اور غیر انسانی قرار دیا گیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک گول میز کانفرنس کے مقررین نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت نے مقوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی ایک نئی جہت دی ہے ۔ کانفرنس کی صدارت غلام محمد صفی نے کی