خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی جاری، سوپورمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں مزید 2نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں شہادتوں

سرینگر ۔ (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کو ضلع بارہمولہ میں مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے گزشتہ تین روز کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 10ہو گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے بارہمولہ کے علاقے پزلپورہ سوپورمیں جمعہ کی صبح سویرے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 نوجوان شہید کر دیے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع اسلا م آباد کے علاقے آرونی میں4 جبکہ ضلع بارہمولہ کے علاقے کیری میں 2 نوجوانوں کو محاصرے اورتلاشی کی کا رروائیوں کے دوران شہید کر دیا تھا۔ فوجیوں نے بدھ کے روز سرینگر کے علاقے نوگام میں پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر سبزار احمدصوفی اور آصف احمد گوجری کوتلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر، سوپور ، اسلام آباد، کولگام اور دیگر علاقوں میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔ آج نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فارق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ادھر ضلع پلوامہ کے علاقے نادر ترال میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔