خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے،کشمیری تاریخ کےانتہائی بدترین دورسےگزررہے ہیں،میرواعظ

سرینگر ۔ (ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے اور کشمیری تاریخ کے انتہائی بدترین دو ر سے گزر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پورے کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے اور وہ کشمیری نوجوانوں کو چن چن کو قتل کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فورسز رہائشی مکانات کو بھی مسمار کرکے کھنڈرات میں تبدیل اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں، معمر افراد یہاں تک کہ خواتین کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ علاقے میں ہر طرف ظلم و جبر اور قتل و غارت کا بازار گرم ہے جس کے سبب کشمیری سخت عدم تحفظ کا شکار ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل پر کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رہے ہیں یہاں تک کہ ان کے مذہی حقوق بھی چھین لیے گئے ہیں اور محکوم کشمیری اس وقت اپنے وجود اور بقا کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ چونکہ بھارت میں عام انتخابات قریب ہے لہذا بھارت کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی فرقہ پرست اورجنونی حکومت اپنے سیاسی ایجنڈے اور اہداف کی تکمیل کی خاطر کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جس طرح دفعہ 35-A کے دفاع اور تحفظ کے لیے بلا امتیاز بھر پور اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اسی طرح ہمیں اپنے قومی وجود اور شناخت کو قائم رکھنے اورحق پر مبنی اپنی تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر سطح پرچٹان کی طرح بھر پور استقامت ، یکسوئی ، اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ میرواعظ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ چند روز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو ایک روز ضرور رنگ لائے گا۔ دریں اثنا حریت فورم اور عوامی مجلس عمل کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف نوہٹہ میں پر امن احتجاجی دھرنا دیا ۔ انہوں نے آزادی کے حق میں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے لگائے۔