خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل سرینگر اور دیگر قصبوں میں جگہ جگہ نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے جس کے باعث پہلے سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرینگر میں سڑکو ں پر جگہ جگہ ناکے لگا دیئے ہیں۔ ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سے ڈلگیٹ اور امیرہ کدل سے زیرو برج تک چالیس سے زائد چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ نوگام سے حیدر پورہ روڑاور سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر بھی بڑی تعداد میں چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ سرینگر جموں شاہرہ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ خاص طور پر مسافر بسوں کو چیک پوسٹوں پر روک کو مسافروں سے سخت پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور جامہ تلاشی لے جارہی ہے۔ایک عینی شاہدنے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار مسافروں کو گاڑیوں سے اتارنے کے بعد قطار میں رکھ کر ان کی تلاشی لیتے ہیں ۔ عینی شاہد نے کہا کہ سرینگر میں نگین کلب کے پاس موٹر سائیکل سے نیچے اتار کی اسکی سخت تلاشی لی گئی۔ ریاض احمدنامی شہری نے کہا کہ نوہٹہ، سنت نگر، نوگام ، کانیپورہ، لسجن اور دیگر علاقوں میں بھی محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔سرینگر جموں شاہراہ اور سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر بھی بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں جو گاڑیوں، ان میں سوار مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لے رہے ہیں۔