خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں حالیہ انتفاضہ کو مزید قوت اور یکسوئی کے ساتھ جاری رکھاجائے گا

نہتے عوام پر بندوقوں

سرینگر ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے یک زباں ہو کراتفاق کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے غیر قانونی قبضے اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف موجودہ انتفاضہ کو مزید قوت اورمکمل یکسوئی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حیدر پورہ سرینگر میں ہونے والے اجلاس میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت سمیت تاجروں ، مذہبی رہنماؤں ، ٹرانسپورٹروں، سول سوسائٹی ارکان اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔تحریک آزادی کشمیر کو آگے بڑھانے اور موجودہ مزاحمتی جدوجہد کو جاری رکھنے کیلئے سبھی متعلقین کے مشورے اور آراء کے حصول کیلئے طلب کئے جانیوالے اجلاس میں سبھی مقررین اور نمائندگان نے اتفاق کیاکہ تحریک آزادی کو شدو مد کے ساتھ جاری رکھنا تمام کشمیریوں کا فریضہ ہے اور اس ضمن میں اقتصادی، تعلیمی،سماجی اور دوسرے میدانوں میں پیش آمدہ تکالیف اور کمزوریوں کا آنا اور ان پر صبر و استقامت اور حکمت و تدبر کے ساتھ آگے بڑھتے رہنے کی جستجو جاری رکھنا لازمی امر ہے۔ سبھی متعلقین نے متحدہ مزاحمتی قیادت کے اتفاق و اتحاد کو سراہتے ہوئے انہیں تحریک آزادی کو آگے بڑھاتے رہنے کا مکمل منڈیٹ دیا اور یقین دلایا کہ قیادت اس ضمن میں جو بھی پروگرام دے گی اور جو لائحہ عمل مرتب و متعین کرے گی سبھی لوگ اس پر عمل پیرا ہوں گے تاکہ تحریک آزادی کے سلسلے کو حصول منزل مقصود تک جاری رکھا جاسکے۔ اجلاس کے دوران تحریک آزادی جموں کشمیر کے دوران شہید ہونے والے لاکھوں کشمیریوں اور موجودہ انتفاضہ کے دوران شہید کئے گئے تمام معصوموں کی بلندی درجات کیلئے دعا کے علاوہ جملہ متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا بھی اظہار کیا گیا۔ نمائندہ اجلاس میں جن جماعتوں، تنظیموں ،انجمنوں اور شخصیات نے شرکت کی اور اپنی آراء و مشوروں سے نوازا اُن میں امیر جماعت اسلامی غلام محمد بٹ، جمعۃ اہل حدیث کے سربراہ غلام احمد بٹ، کارروان اسلامی کے غلام رسول حامی، حمایت الاسلام کے مولانا خورشید احمدنمائندہ اجلاس میں اور لوگوں کے علاوہ جماعت اسلامی جموں کشمیر کے امیرغلام محمد بٹ، جمعیت اہل حدیث کے سربراہ غلام احمد بٹ، غلام رسول حامی، مولانا خورشید احمد قانون گو ، قاضی یاسر احمد، نریندر سنگھ خالصہ، جگ موہن رینہ،محمد عبداللہ طاری، میاں عبدالقیوم، مسرور عباس انصاری ، زمرودہ حبیب ، یاسمین راجہ، ڈاکٹر یوسف العمر ، نعیم احمد خان ،فارو ق احمد ڈار،عبدالمجید زرگر، محمد یوسف میر،بشیر احمد راتھر،،محمد صدیق خان پروفیسر کشمیر یونیوسٹی، کشمیر اکنامک فورم کے چودھری شوکت احمد، کشمیر چیمبر آف کامرس کے مشتاق احمد وانی، ہوٹلز ایسوی سیشن کے مشتاق احمد کے علاوہ مختلف تاجر اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنزکے نمائندوں نے شرکت کی ۔