خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں پی ایچ ڈی طالبعلم کی شہادت پر وادی میں ہڑتال، کرفیو کا سماں

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں پی ایچ ڈی طالبعلم منان وانی کی شہادت پر حریت قیادت کی کال پر وادی بھر میں ہڑتال کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز ضلع ہندواڑہ میں ڈاکٹر منان وانی سمیت دو نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا جس کے خلاف حریت قیادت نے ہڑتال کی کال دی۔

بھارتی فوج، پیرا ملٹری فورس اور اسپیشل آپریشنل گروپ نے ضلع ہندواڑہ کے علاقے شتگند کو گھیرے میں لیکر پی ایچ ڈی طالبعلم منان وانی اور عاشق حسین زرگر کو نشانہ بنایا۔

منان وانی کی شہادت کے بعد وادی میں شدید احتجاج کیا گیا اور شہید کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 26 سالہ منان وانی علی گڑھ یونیورسٹی سے اپلائڈ جیولوجی میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔

منان وانی اس وقت منظر عام پر آئے کہ جب انہوں نے رواں سال 16 جولائی کو ایک کھلا خط لکھا جس میں انہوں نے انڈین نیشنل کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ کے حوالوں سے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا۔