خبرنامہ کشمیر

مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال

سرینگر ۔(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے معروف رہنما شہید محمد مقبول بٹ کو پھانسی دیے جانے کی برسی کے موقع پربدھ کومکمل ہڑتال رہی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے مقبول بٹ اور افضل گورو کی میتوں کی واپسی کیلئے دی تھی۔محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984ء کودلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیا گیا تھا۔ہڑتال کے باعث سرینگر اور دیگر قصبوں میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے ۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کر رکھا تھا۔ادھر قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہرے سے روکنے کیلئے 60 سے زیادہ حریت پسند رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں یا گھروں میں نظربند کردیا ہے ۔ ان رہنماؤں میں شبیر احمد شاہ ، محمدیاسین ملک ،نعیم احمدخان ، ظفر اکبربٹ ، ہلال احمد وار ، مختار احمد وازہ اور دیگر شامل ہیں۔