خبرنامہ کشمیر

میرواعظ کی اوآئی سی کومبارک باد

میرواعظ کی اوآئی سی کومبارک باد
سرینگر:(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارلحکومت قراردینے کے اعلامیہ کی توثیق کرتے ہوئے او آئی سی کو اس جرات مندانہ اور تاریخی فیصلے پر کشمیری عوام کی طرف سے دلی مبارک باد پیش کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں او آئی سی کی طرف سے عالم اسلام کے مشترکہ موقف کی ترجمانی کرتے ہوئے متفقہ طور پر بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت اور امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دے کر ایک جرات مند فیصلہ اور تاریخی فیصلہ کرنے پر کشمیری عوام کی طرف سے دلی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کرنے سے انصاف پسند اقوام و ممالک اور دنیا بھر کے عدل و انصاف پر یقین رکھنے والے لوگوں کے جذبات و احساسات کی ترجمانی نے کی ہے ۔ میرواعظ نے افسوس ظاہر کیاکہ صدر ٹرمپ نے یکطرفہ طور یروشلم کو اسرائیل کا دارلحکومت قرار دے کر جوجارحانہ فیصلہ کیا ہے وہ دنیا بھر کے مسلمانوں اور عالم اسلام کے لئے ہر گز قابل قبول نہیں ہے۔ میرواعظ نے توقع ظاہر کی کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ فلسطین کے دیرینہ مسئلے کا منصفانہ حل کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیرکے 70 سالہ پرانے تنازعے کو بھی اپنی قرارداوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کی بنیاد پر حل کرنے کیلئے اپنی مثبت کوششیں بروئے کار لائیں گے اور پورے خطے میں سیاسی استحکام امن و سلامتی اور تعمیر و ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی اپنی سفارتی کوششوں میں تیزی لانی چاہیے۔