خبرنامہ کشمیر

میری بینائی واپس کرو ،کشمیری طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

سرینگر ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں طلباء نے کٹھ پتلی وزیر تعلیم نعیم اختر اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے خلاف پلوامہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں شامل طلباء نے پلے کارڈ زاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’میری بینائی واپس کرو، میں اپنا امتحان دے سکو، پہلے پیلٹ ، پھر بلٹ اور اب امتحان اور امتحانات کا بائیکاٹ ‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔طلباء امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ طلباء کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک امتحانات میں شامل نہیں ہو ں گے جب تک مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بند نہیں کیاجاتا ۔ اس سے قبل اسی طرح کے مظاہرے بانڈی پورہ ، سرینگر، کپواڑہ اور شوپیاں کے اضلاع میں بھی منعقد کئے گئے تھے۔