خبرنامہ کشمیر

نوجوانوں کی شہادت پرمقبوضہ کشمیرمیں بھارت مخالف مظاہرے

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع اسلا م آباد میں چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں ماجد زرگر، راحیل اور وسیم کو جمعرات کے روزضلع کے علاقے آرونی میں حسن پورہ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جبکہ ایک شہری کو آرونی میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔نوجوانوں کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی ضلع کے علاقوں آرونی، بیج بہاڑہ، قائموہ اور کڈونی میں زبردست بھارت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے جنکا کا سلسلہ جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو علاقے کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کے لیے ضلع اسلام آباد میں جمعرات کو موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کردی تھیں جو جمعہ کو بھی معطل رہیں۔