خبرنامہ کشمیر

وزیراعظم کا تحریک آزادی کے حوالے سے دورہ یورپ مثبت نتائج کا حامل ہوگا: راحت فاروق

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) سینئر قانون دان اور لیگی رہنما محترمہ راحت فاروق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے دورہ یورپ مثبت نتائج کا حامل ہوگا۔ ایسے وقت میں جب ہندوستان کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام شروع کررکھا ہے اور کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہین یورپ میں ہفتہ کشمیر منانے کا اقدام لائق تحسین ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی طرف سے یورپی پارلیمنٹ کے ممبران سے ملاقاتوں کے دوران یورپی پارلیمنٹ سے سرینگری اور وادی کے تمام علاقوں کا دورہ کرنے کا مطالبہ بھارت کا چہرہ مہذب دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی جاندار کوشش ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کی بھرپور وکالت اور قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھارتی دہشتگردی اور جارحیت کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کرائیں ۔ راحت فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کا دورہ برسلز /یورپ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیراعظم کو کشمیری کمیونٹی کی طرف سے یورپ میں منعقدہ ہفتہ کشمیر کی تقریبات میں بحیثیت مہمان خاص مدعو کیا گیا ہے ۔راجہ فاروق حیدر نے یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ سے ابتدائی ملاقاتوں کے دوران کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور ترجمانی کی ہے اور یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ کو قابض بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں 4ماہ سے جاری مظالم کو بے نقاب کیا ہے ۔ یورپی یونین کے ممبران پارلیمنٹ کی طرف سے اگر کشمیر جانے کا مطالبہ سامنے آیا تو یہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی بڑی سفارتی کامیابی ہوگی ۔ قوی امید ہے کہ یورپی یونین کے ممبران سرینگر جانے کا مطالبہ کرینگے ۔قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ نثار احمد خان کا پروٹوکول نہ لینا بھی اچھی روایت ہے ۔