خبرنامہ کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر کیخلاف کوئی بات برداشت نہیں کرینگے‘چودھری محمداشرف

میرپور(آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیرکے معاون خصوصی چودھری محمداشرف نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں وفاقی وزراء اشتعال انگیزی سے باز رہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرئینگے ۔ ہم عزت کرنا بھی جانتے ہیں اور عزت کروانا بھی جانتے ہیں ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم وفاقی وزراء کا آزاد کشمیر میں داخلہ بند کر دیں ۔چودھری عبدالمجید کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ کھڑے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا وفاقی وزراء آزادکشمیرمیں لاشوں کی سیاست کرکے دنیاکوکیاپیغام دیناچاہتے ہیں۔ سانحہ نکیال میں پیپلزپارٹی کے شہید کارکن چوہدری منشی کی شہادت پروفاقی وزراء کی طرف سے اظہارہمدردی کے بجائے وفاقی غیرمنتخب معاون خصوصی نے شہید کے خون پرنمک چھڑکاہے۔ وفاقی وزراء اپنی غلطیاں چھپانے پرمنتخب وزیراعظم آزادکشمیرسے استعفی کامطالبہ کر رہے ہیں جو غیرآئینی ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ آزادکشمیرمیں لاٹھی اور گولی کی آڑمیں حکومت قائم کرناچاہتی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ شہید چوہدری منشی کی قربانی رنگ لائے گی اور واقعہ میں ملوث افراد کوکیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔ ملزمان کوبچانے میں وفاقی وزراء کی طر ف سے کسی بھی غیرآئینی اقدام کو برداشت نہیں کریں گے ۔