خبرنامہ کشمیر

وفاقی وزراء کرام آزادکشمیر کو فتح کرنے کے خواب ترک کر دیں، سردار غلام صادق خان

ہجیرہ(آئی این پی) آزادکشمیر اسمبلی کے سپیکر سردار غلام صادق خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کرام آزادکشمیر کو فتح کرنے کے خواب ترک کر دیں پیپلز پارٹی نظریاتی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کے مطابق عوامی عدالت کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول کیا ہے میدان بھی حاضر ہے اور گھوڑا بھی حاضر ہے جلد مثبت فیصلے ہونگے عوامی عدالت سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ انتخاب میں مختلف یونین کونسلز ہا میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں کم معیاد کے لئے اقتدار پیپلز پارٹی کوملا ہے لیکن پارٹی نے بھٹو شہید کے نظریات کے مطابق عوامی مسائل حل کرنے میں موثر اقدامات کئے ہیں جن سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا ہے آج ہر یونین کونسل میں تعلیمی ادارے، صاف پانی پینے کی سہولت، سڑکات کی تعمیر نو، علاج معالجہ سمیت کسی حد تک بے روزگاری کے خاتمے میں انقلابی اقدامات ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ سروسز ہی روز گار کا واحد ذریعہ بن چکی ہیں حکومت ہائیڈرل اور سیاحت کو فروغ دے کر بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی آزادکشمیر میں ان شعبہ جات میں بھرپور کردار ادا کیا جا رہا ہے یونیورسٹیز اور میڈیکل کالجز سمیت اداروں کا قیام اہم کارنامے ہیں جلد عوام کو بہتر سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔